ہیلیم گیس کی قلت ،ٹیکنالوجی مصنوعات کا کام متاثر
قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئیں،کمپنیاں متبادل ذرائع تلاش کرنے میں مصروف ہیلیم گیس کمپیوٹر چِپ بنانے میں انتہائی اہم ، پیداوار چند ہی خطوں تک محدود قطر میں دنیا کی ایک تہائی ہیلیم گیس ،خطے میں بحران سے دستیابی متاثر ہو سکتی
شنگھائی ( رائٹرز ) ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کی وجہ سے ہیلیم گیس کی قلت ہو گئی جس سے دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کی مصنوعات بنانے کا کام متاثر ہونا شروع ہو گیا ۔کمپنیوں کو اب ہیلیم گیس حاصل کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے اور وہ متبادل ذرائع تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ہیلیم گیس کمپیوٹر چِپ بنانے کے عمل میں بہت اہم ہوتی ہے ۔ اسے مشینوں کو ٹھنڈا رکھنے ، لیک (رساؤ) کا پتہ لگانے اور نہایت باریک کام کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے بعد ہیلیم کی قیمتیں بھی بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں جس سے پیداوار مزید مشکل ہو گئی ہے ۔ہیلیم ایک ایسی گیس ہے جو قدرتی گیس کو صاف کرنے کے عمل کے دوران حاصل ہوتی ہے اور اس کی پیداوار دنیا کے چند ہی خطوں تک محدود ہے ۔امریکی سائنسی ادارے جیالوجیکل سروے کے مطابق قطر اکیلا دنیا کی تقریباً ایک تہائی ہیلیم گیس پیدا کرتا ہے ۔اسی وجہ سے اگر ان علاقوں میں کوئی مسئلہ پیدا ہو جائے تو پوری دنیا میں ہیلیم کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے ۔ایک ماہرِ ترسیل و رسد نے خبردار کیا کہ اگر ہیلیم کی کمی طویل عرصے تک جاری رہی تو اس سے پیداوار میں مزید کمی آ سکتی ہے اور اس کے اثرات برقی آلات سے لے کر گاڑیوں کی صنعت تک پھیل سکتے ہیں۔