6 مبینہ مقابلے، 4 ڈاکوئوں سمیت 5 ہلاک، پولیس اہلکار اور 4 ملزم زخمی
فیصل آباد میں عرفان فانی،بلال عرف دلاور ،علی احمد ہلاک ، عثمان اور مشہود زخمی حالت میں گرفتار ،2ملزم فرار گوجرانوالہ میں4مقابلے ، آصف گادی ،لقمان مارے گئے ،وقاص،عرفان گرکر زخمی ،منشیات برآمد،مقدمات درج
فیصل آباد، گوجرانوالہ،کامونکے (سٹی رپورٹر، کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا) مختلف علاقوں میں 6مبینہ پولیس مقابلوں میں 4ڈاکو اور ایک قتل کا ملزم مارا گیا جبکہ 4زخمی ہو گئے ،ملزموں کی فائرنگ کی زد میں آکر سی سی ڈی اہلکار بھی زخمی ہو گیا،تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ روشن والا کے علاقے میں موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزم شہریوں کو لوٹنے کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ایس پی اقبال ٹاؤن حافظ سعید احمد کی قیادت میں ناکہ پرپولیس اور سی سی ڈی ٹیموں کے ساتھ ان کا آمنا سامنا ہو گیا، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو عرفان فانی اور بلال عرف دلاور ہلاک ہو گئے جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ مارے جانے والے ملز م ڈکیتی، چوری، رہزنی اور لوٹ مار کی 100 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ،
ملزموں کے قبضے سے نقدی، اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا،دوسرے واقعے میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے سیم کے قریب پولیس نے موٹرسائیکل سوار ملز موں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب ڈاکو علی احمد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی عثمان اور مشہود زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ،دریں اثنا گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں4 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ملزم ہلاک جبکہ 2 ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہو گیا ،گزشتہ رات تھانہ سٹی کامونکے پولیس مقدمہ قتل میں نامزد ملزم درویش پورہ کے آصف گادی کو اسلحہ کی برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ افراد سادھوکی کے قریب اُسے چھڑوا کر فرار ہوگئے ،وزیرآباد میں ان کا سامنا پولیس سے ہوگیا،
فائرنگ کے تبادلے کے دوران آصف گادی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا،ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ، آصف قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور رہزنی سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا ، تھانہ اروپ کے علاقہ میں قتل کے مقدمہ میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم لقمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ۔ ملزم نے چند روز قبل دودھ دہی کی دکان پر 55 سالہ شہری کو قتل کیا تھا،تھانہ ایمن آباد کے علاقہ میں پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ملزم وقاص مسیح عرف وکی فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش میں حادثے میں زخمی ہو گیا ،ملزم سے 1520 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ، منشیات فروش عرفان فرار ہونے کی کوشش میں گر کر زخمی ہو گیا،تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے گرفتار کر کے 1620 گرام چرس برآمد کرلی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔