ملتان سلطانز اور دنیا میڈیا گروپ کی پارٹنرشپ کا اعلان

ملتان سلطانز اور دنیا میڈیا گروپ کی پارٹنرشپ کا اعلان

پلیئرز کی زندگی، ٹریننگ،ڈریسنگ روم کی جھلکیاں شائقین تک پہنچائی جائینگی

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) پی ایس ایل 11 ویں ایڈیشن کے سلسلے میں ٹیم ملتان سلطانز کی طرف سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جبکہ ملتان سلطانز اور دنیا میڈیا گروپ کی پارٹنرشپ کا اعلان بھی کیا گیا۔لاہور میں ملتان سلطانز کے سی ای او گوہر شاہ کی جانب سے ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں صاحبزادہ فرحان، وسیم جونیئر اور محمد نواز کے ساتھ ساتھ آسٹریلوی سٹار سٹیو سمتھ اور کپتان ایشٹن ٹرنر بھی شریک ہوئے ۔اس موقع پر ملتان سلطانز کے سی ای او گوہر شاہ کا کہنا تھا کہ اس سیزن میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع دئیے ہیں، اور یہی نوجوان پاکستان اور ملتان سلطانز کی پہچان بنیں گے ۔ گوہر شاہ کی جانب سے دنیا میڈیا گروپ کے ساتھ ملتان سلطانز کی میڈیا پارٹنرشپ کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے تحت کھلاڑیوں کی زندگی، ٹریننگ اور ڈریسنگ روم کی جھلکیاں شائقین تک پہنچائی جائیں گی۔دنیا میڈیا گروپ کے نمائندے ، انڈس کنکلیو کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد رضا گورایہ نے کہا کہ پہلی بار شائقین کو کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم کی زندگی دکھائی جائے گی، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک منفرد قدم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں