بینک مکرمہ لمیٹڈ کو پازیٹو/اسٹیبل آؤٹ لک کے ساتھ ’A-/A2‘ ریٹنگز تفویض
کراچی(بزنس ڈیسک)بینک مکرمہ لمیٹڈ (بی ایم ایل)کو وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر ’A-‘ (طویل مدتی) اور ’A2‘ (قلیل مدتی) ریٹنگزپازیٹو/اسٹیبل آؤٹ لک کے ساتھ تفویض کر دی گئی ہیں۔
یہ ریٹنگز بینک کے کریڈٹ پروفائل میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں جو مضبوط اسپانسر سپورٹ، کامیاب ری کیپٹلائزیشن، تنظیمِ نوکے جاری اقدامات اور گورننس و لیکویڈٹی فریم ورک کی مضبوطی کی بنیاد پر حاصل ہوئی ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بینک کو آخری بار 2018 میں ’BBB-‘ (طویل مدتی) اور ’A3‘ (قلیل مدتی)ریٹنگز نیگیٹو آؤٹ لک کے ساتھ تفویض کی گئی تھیں جبکہ 2019 میں یہ ریٹنگز معطل کر دی گئی تھیں۔ موجودہ ریٹنگ اس معطلی کے بعد نہ صرف ریٹنگز کی بحالی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ طویل اور قلیل مدتی دونوں ریٹنگز میں نمایاں بہتری اور آؤٹ لک کو نیگیٹو سے پوزیٹو میں تبدیل کیے جانے کو بھی ظاہر کرتی ہے ۔مالی سال 2025 کے اختتام پر بینک نے 19 ارب روپے کا ریکارڈ قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جبکہ کم از کم سرمایہ جاتی تقاضے اور کیپٹل ایڈیکویسی ریشوکے معیارات پر بھی مکمل عملدرآمد کیا گیا، جو ادارے کی مالی مضبوطی اور استحکام کی واضح عکاسی کرتا ہے ۔بینک مکرمہ لمیٹڈ اب اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے ، جہاں مالی استحکام، واضح حکمتِ عملی، اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار قدر کی تخلیق اس کی بنیادی ترجیحات ہوں گی۔ یہ پیش رفت بینک کی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن اور مستقبل میں پائیدار ترقی کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔