زلمی نے اس بار بڑی کمزوری کو دور کر لیا:بابر اعظم
نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے بولنگ کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی گئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)بابر اعظم نے پشاور زلمی کی بولنگ سے متعلق خدشات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے اس بار اپنی بڑی کمزوری کو دور کر لیا ہے ۔ پشاور زلمی کے کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ گزشتہ سیزنز میں ٹیم کی بولنگ ایک مسئلہ رہی، تاہم اس بار نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔بابر اعظم نے کہا کہ صرف مضبوط بولنگ اٹیک ہونا کافی نہیں بلکہ اصل کامیابی پلان پر عملدرآمد میں ہے ، اگر حکمتِ عملی پر صحیح طریقے سے عمل نہ کیا جائے تو بہترین بولرز بھی فائدہ نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم اس بار مکمل توجہ اپنے پلانز پر عمل کرنے پر دے رہی ہے اور بہتر کارکردگی کے لیے پُرامید ہے ۔واضح رہے کہ پشاور زلمی 2017ء کی چیمپئن ٹیم ہے ، جو گزشتہ چند سیزنز میں بولنگ کے مسائل کے باعث مشکلات کا شکار رہی ہے اور 2021ء سے 2025ء کے دوران متعدد بار 200 سے زائد رنز سکور کر چکی ہے ۔پشاور زلمی مہم کا آغاز قذافی اسٹیڈیم میں نئی ٹیم راولپنڈیز کے خلاف کرے گی۔