کاہنہ :پولیس تشدد سے شہری ہلاک، لواحقین کا احتجاج
ملزم افتخار نے چھت پر لگے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی:پولیس کا مؤقف ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس،چوکی انچارج سمیت تمام عملہ گرفتار، مقدمہ درج
لاہور ، کاہنہ(کرائم رپورٹر ، نمائندہ دنیا)کاہنہ پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری ہلاک ہو گیا، ورثاء نے فیروز پور روڈبلاک کر کے احتجاج کیا۔ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ افتخارمسیح کو کام کے دوران نجی یونیورسٹی سے اٹھایا گیا،تھانہ کاہنہ کی چوکی انڈسٹریل ایریا میں لاکر تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق نوجوان کو ون فائیو کی کال پر پکڑا گیا،تھانہ لاکر پوچھ گچھ کی تو ملزم نے چھت پر لگے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ۔تاہم واقعہ پر ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لے لیا جس پر چوکی انچارج سمیت تمام عملہ کو حراست میں لے لیا گیا ۔افتخار مسیح کی موت کے پس پردہ حقائق جاننے کیلئے تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ افتخار کے ورثا کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا ،جو حقائق سامنے آئیں گے اسکے مطابق کارروائی ہو گی۔متوفی کے ورثاء کے مطابق ہم سے افتخار کو چھوڑنے کیلئے دو لاکھ روپے مانگے گئے تھے ۔