آئندہ چند برسوں میں روس سے جنگ کا امکان تشویشناک:فرانس
فرانسیسی پارلیمان میں دفاعی بجٹ میں 36 ارب یورو اضافے کا مجوزہ قانون پیش چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پارلیمان میں دفاعی اخراجات میں اضافے کا دفاع کیا
پیرس (اے ایف پی)فرانس کے اعلیٰ ترین فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں روس کے ساتھ جنگ کا امکان بدستور اُن کی سب سے بڑی تشویش ہے ، انہوں نے دفاعی اخراجات میں اضافے کی کوششوں کا دفاع بھی کیا۔چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل فابیاں مانڈوں نے پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے 2024 سے 2030 کے دوران دفاعی بجٹ میں اضافے سے متعلق مجوزہ قانون پیش کیا۔انہوں نے ایوانِ زیریں کی دفاعی کمیٹی کو بتایاہمارے براعظم میں روسی خطرے کی موجودگی، کھلی جنگ کے امکان کے پیشِ نظر، فوجی تیاری کے حوالے سے یہ معاملہ میری سب سے بڑی تشویش ہے ۔بدھ کے روز حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے مسود ہ قانون کے مطابق فرانس کے دفاعی اخراجات میں 36 ارب یورو (42 ارب ڈالر) کا اضافہ کیا جائے گا، جو کہ 2024 سے 2030 کے لیے مختص 413 ارب یورو (483 ارب ڈالر) کے بجٹ کے علاوہ ہوگا۔