مسجد اقصٰی کھلتے ہی جمعہ کیلئے ایک لاکھ نمازیوں سے بھر گئی

 مسجد اقصٰی کھلتے ہی جمعہ کیلئے ایک لاکھ نمازیوں سے بھر گئی

فلسطینی مسلمانوں کو رمضان المبارک کے دوران میں مسجد میں رسائی نہ ملی ایران جنگ کے آغاز سے بند مسجداقصیٰ کو جمعرا ت کے روز دوبارہ کھولاگیا

 مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی)مشرقی بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں ایک لاکھ سے زائد مسلمان نمازیوں نے جمعہ کی نماز ادا کی، اسلامی اوقاف حکام کے مطابق یہ اجتماع اس مقام کے دوبارہ کھلنے کے ایک روز بعد ہوا، جو امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کے بعد ممکن ہوا۔ بیت المقدس کا قدیم شہر تینوں ابراہیمی مذاہب کے اہم مقدس مقامات کا مرکز ہے جو 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے باعث بند کر دئیے گئے تھے ۔اولڈ سٹی میں مسلمانوں کیلئے مسجد اقصیٰ، یہودیوں کیلئے دیوارِ گریہ (ویسٹرن وال)اور عیسائیوں کیلئے چرچ آف دی ہولی سیپلکر موجود ہیں ،یہ تمام مقامات اسرائیل کے زیرِ قبضہ اور ضم شدہ علاقہ ہے ،یہ مقدس مقامات جمعرات کو نمازیوں اور زائرین کیلئے دوبارہ کھول دئیے گئے ۔رواں سال رمضان المبارک کے دوران بھی مسلمان مسجد اقصیٰ تک رسائی حاصل نہیں کر سکے تھے ۔جمعہ کے روز اردن کے زیر انتظام اسلامی وقف (اوقاف)کے مطابق ایک لاکھ سے زائد مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ میں نمازِ جمعہ ادا کی۔اے ایف پی ٹی وی کی براہِ راست فوٹیج میں مسجد اقصیٰ کا احاطہ نمازیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا دکھایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں