آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا کسی کو حق حاصل نہیں:اقوامِ متحدہ
امریکا کی عائد کردہ تازہ ترین رکاوٹ بحران کا کوئی حل پیش نہیں کرتی
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے عالمی بحری سلامتی کے ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سربراہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ملک کو قانونی طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا حق حاصل نہیں۔آئی ایم او کے سیکریٹری جنرل آرسینیو دومینگیز نے کہا کہ اگرچہ امریکی اقدامات کا مقصد بظاہر ایرانی بندرگاہوں تک رسائی محدود کرنا ہے ، تاہم بین الاقوامی قانون کے تحت کسی بھی ریاست کو ایسی عالمی آبی گزرگاہ کو بند کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے استعمال ہوتی ہو۔انہوں نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی بحری راستہ ہے جسے بند کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوگا۔لندن میں آئی ایم او ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ موجودہ کشیدگی کے باعث پہلے ہی اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد کم ہو چکی ہے ، تاہم امریکا کی جانب سے عائد کی گئی تازہ ترین رکاوٹیں موجودہ بحران کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کرتیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور اہم بحری گزرگاہوں کو کھلا رکھنے کے لیے اقدامات کرے ۔