بھارت میں 7سال بعد ایرانی تیل پہنچ گیا
امریکا نے ایرانی تیل خریدنے کیلئے 19 اپریل تک عارضی چھوٹ دی تھی ریلائنس انڈسٹریز کو پابندیوں کے باوجود ایرانی تیل درآمد کرنیکی اجازت
نئی دہلی (رائٹرز )بھارت نے امریکی پابندیوں میں عارضی نرمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایرانی تیل کی درآمد دوبارہ شروع کر دی ہے ، جس کے تحت دو بڑے آئل ٹینکرز بھارتی بندرگاہوں پر پہنچ گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایران سے تیل لے کر آنے والا ٹینکر ’’فیلیسٹی مغربی بھارت کی سِکّا بندرگاہ جبکہ ’’جایا‘‘ مشرقی ریاست اوڈیشہ کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔ ایک وی ایل سی سی (بہت بڑا خام تیل بردار جہاز) تقریباً 20 لاکھ بیرل تیل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے گزشتہ ماہ تہران سے تیل خریدنے کے لیے عارضی چھوٹ دی تھی، جو 19 اپریل تک مو ثر رہے گی۔واضح رہے کہ بھارت دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے ، جس نے مئی 2019 کے بعد امریکی دباؤ کے باعث ایران سے تیل خریدنا بند کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق بھارتی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے بھی ایرانی تیل خریدا ہے ، جبکہ ریلائنس انڈسٹریز کو بھی مختلف پابندیوں کے باوجود پرانے ٹینکرز کے ذریعے ایرانی تیل درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ماہرین کے مطابق یہ عارضی بحالی عالمی توانائی منڈی اور خطے کی سیاست پر اہم اثرات ڈال سکتی ہے ۔