پاکستان کیلئے 3ارب ڈالر کے سعودی ڈیپازٹ رول اوور
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد ،چیف ایگزیکٹوسعودی فنڈ سلطان المرشد کے دستخط معاہدہ مضبوط تعلقات کا عکاس ، بیرونی مالی استحکام کوتقویت ملے گی:وزیر خزانہ پاکستان کیساتھ بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط دیکھنا چا ہتے :سعودی قیادت
واشنگٹن (دنیا نیوز)سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ رول اوور کردئیے ہیں اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی میں باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا، معاہدے پر سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان بن عبدالرحمن المرشد جبکہ سٹیٹ بینک کی طرف سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کئے ، واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سپرنگ اجلاس میں ہونے والے اس معاہدے کے موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکا میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے ، وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ معاہدہ پاک سعودی عرب مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کومزید تقویت ملے گی،سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا جو دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے ،سعودی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتی ہے ،نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت کو امید ہے کہ اس تعاون سے پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہوگی، جس کا براہِ راست فائدہ وہاں کے عام شہریوں کی زندگیوں کو پہنچے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر ڈیپازٹ موصول ہوگئے تھے ، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس کی تصدیق کی تھی 2ارب ڈالر ملنے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں یکدم بڑی کمی کا خطرہ ٹل گیا،خیال رہے کہ پاکستان کو رواں ماہ یو اے ای کو ساڑھے 3 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے ۔