بنگلہ دیش :ایندھن قلت ، موبائل فون سروس بند ہونیکا خطرہ

بنگلہ دیش :ایندھن قلت ، موبائل فون سروس بند ہونیکا خطرہ

ایندھن کے بغیر ٹیلی کام سروسز کو جاری رکھنا اب ممکن نہیں رہا:اے ایم ٹی او پٹرول پمپس پر قطاریں 12 گھنٹے تک جاری رہتی ہیں،شدید مشکلات کا سامنا

 ڈھاکا (اے ایف پی)بنگلہ دیش کو مشرقِ وسطٰی کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والی ایندھن کی قلت میں فوری بہتری نہ آنے کی صورت میں موبائل فون سروس کی بڑے پیمانے پر بندش کا سامنا ہو سکتا ہے ۔بنگلہ دیش کی آبادی 17 کروڑ ہے ، 95 فیصد تیل اور گیس کی ضروریات زیادہ تر مشرقِ وسطٰی سے درآمد کرتا ہے ،قلت کے باعث شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، جہاں پٹرول پمپس پر قطاریں 12 گھنٹے تک جاری رہتی ہیں۔ایسوسی ایشن آف موبائل ٹیلی کام آپریٹرز آف بنگلہ دیش (اے ایم ٹی او بی) نے پیر کو کہا کہ ڈیٹا سینٹرز سمیت آپریشنز کو چلانے کے لیے درکار ایندھن کے بغیر ٹیلی کام سروسز کو جاری رکھنا اب ممکن نہیں رہا۔ایسوسی ایشن نے بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن (بی ٹی آر سی) کو لکھے گئے خط میں کہاکہ صورتحال آپریشنل کنٹرول سے باہر ہو چکی ہے ۔اگر یہ حالات برقرار رہے تو ملک کے بڑے حصوں میں ٹیلی کام نیٹ ورک کی وسیع پیمانے پر بندش کا فوری خطرہ موجود ہے ۔ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد ذوالفقار نے کہا کہ ڈیٹا سینٹرز کی بندش پورے نیٹ ورک پر سلسلہ وار اثرات مرتب کرے گی۔انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ جزوی یا مکمل نیٹ ورک بلیک آؤٹ کی صورت میں کالز، انٹرنیٹ، ایس ایم ایس (ٹیکسٹ پیغامات) اور دیگر تمام سروسز مکمل طور پر معطل یا شدید متاثر ہو سکتی ہیں ۔انٹرنیٹ انتہائی سست یا مکمل طور پر بند ہو سکتا ہے ، کیونکہ ڈیٹا سنٹرز وہ مرکزی مراکز ہیں جہاں ٹریفک کو روٹ اور کنٹرول کیا جاتا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں