غزہ بحالی ، اگلے 10سال میں 71 ارب ڈالر درکار:اقوام متحدہ
جنیوا ،برسلز(اے ایف پی) اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین کے مطابق غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اگلے دس سال میں 71 ارب ڈالر کی ضرورت ہے ۔۔
ابتدائی 18 ماہ میں بنیادی خدمات اور اقتصادی بحالی کیلئے 26 ارب ڈالر درکار ہیں۔ غزہ میں 3لاکھ71ہزار888مکانات تباہ یا نقصان زدہ، نصف سے زائد ہسپتال غیر فعال اور تقریباً تمام سکول تباہ ہو چکے ہیں۔ تقریباً 19 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور معیشت84فیصد سکڑ گئی۔یورپی یونین نے اسرائیل کے خلاف ممکنہ اقدامات پر رکن ممالک کی رضامندی جانچنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سپین نے تعاون کے معاہدے کو معطل کرنے کا مطالبہ دوبارہ کیا ہے ۔ وزرائے خارجہ اجلاس آج منگل کو لیگژمبرگ میں ہوگا تاکہ رکن ممالک کی رائے معلوم کی جا سکے ۔ تجویز کردہ اقدامات میں تجارتی تعلقات محدود کرنا یا وزرا پر پابندیاں شامل ہیں، مکمل معاہدہ معطل کرنے کے لیے تمام27ممالک کی حمایت ضروری ہے ۔ ہنگری کے نو منتخب وزیرِ اعظم پیٹر میگیار نے کہا کہ وہ بین الاقوامی جرائم کی عدالت کے وارنٹس پر عمل کریں گے ۔ انہوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں بوڈاپیسٹ مدعو کیا، حالانکہ نیتن یاہو پر غزہ میں جنگی جرائم کے الزامات ہیں۔ میگیار نے وضاحت کی کہ ہنگری کا ارادہ آئی سی سی سے نکلنے کے فیصلے کو واپس لینا ہے ، اگر کوئی وارنٹ یافتہ شخص ملک میں آئے تو گرفتاری لازمی ہوگی۔ یورپی ممالک نے فلسطینی اتھارٹی اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اظہار کیا ہے ۔برسلز اجلاس میں بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم نے کہا کہ اسرائیل فلسطین مسئلہ پورے مشرق وسطیٰ اور دنیا پر اثر انداز ہو رہا ہے ۔ فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفی نے کہا کہ غزہ فلسطین کا حصہ ہے ،فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنا چاہیے ۔ سپین نے اسرائیل کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا مطالبہ دہرایا، مگر یورپی ممالک کی اکثریت نے اس کی مخالفت کی۔