افغان سر زمین سے حملے ہورہے

افغان سر زمین سے حملے ہورہے

بشکیک (دنیانیوز، نیوز ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان اور اس کے شہریوں پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے ،سب سے زیادہ تشویش کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر ہے۔

افغان سرزمین پر موجود دہشتگرد عناصر کے خلاف قابلِ اعتماد، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہے ۔ وہ شنگھائی تعاون کی وزرائے دفاع کانفرنس سے خطاب اورکانفرنس میں شریک مختلف وزرائے دفاع سے ملاقاتوں میں گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر دفاع کی چین، قازقستان اور تاجکستان کے وزرائے دفاع اور ایران کے نائب وزیر دفاع سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف اموراور علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امن اور استحکام کے لیے الزام تراشی، نفرت انگیز سیاست اور اندرونی سیاسی فائدے کے لیے بیانیہ سازی ترک کرنا ہوگی ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو نظرانداز کرنا حقائق سے آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف محض کھوکھلے نعرے لگائے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ۔ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا سیاسی مقاصد، پوشیدہ عزائم اور بدنیتی پر مبنی رہا ہے ، زمینی حقائق یہ ثابت کرتے ہیں کہ وسیع تر علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں