پاکستان ، بنگلہ دیش میں منشیات کی روم تھام کا معاہدہ ، انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان ، بنگلہ دیش میں منشیات کی روم تھام کا معاہدہ ، انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

محسن نقوی کی بنگلہ دیشی ہم منصب صلاح الدین احمد سے ملاقات ، وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بنگلہ دیش کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش ، انسانی سمگلنگ ، مالیاتی فراڈ اور پولیس ٹریننگ پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال

ڈھاکہ(دنیا نیوز)وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان منشیات کی روک تھام ،انسداد دہشتگردی اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ منشیات کی سمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کے تدارک کیلئے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل، سمگلنگ اور سپلائی لائن کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے جبکہ متعلقہ ادارے سمگلروں اور نیٹ ورکس سے متعلق بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گے ۔ اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انسدادِ منشیات طریقہ کار بھی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔

محسن نقوی نے بنگلہ دیش کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر معاونت فراہم کرے گا۔ ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی، انسانی سمگلنگ، منظم جرائم، مالیاتی فراڈ اور پولیس ٹریننگ پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جبکہ صلاح الدین احمد نے سیف سٹی منصوبے میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم صائم، سیکرٹری کابینہ نسیم الغنی، سیکرٹری داخلہ منظور چودھری اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں