لبنان : جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی بمباری ، 8 افراد شہید ، 22 زخمی

 لبنان : جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی  بمباری ، 8 افراد شہید ، 22 زخمی

سرحدی علاقوں میں کشیدگی، جھڑپیں بدستور جاری ،حزب اللہ کا ڈرون حملہ،3اسرائیلی فوجی زخمی ،غزہ فلوٹیلا کے 2کارکن رہا ،ملک بدر کیا جائے گا

بیروت،غزہ (اے ایف پی)لبنان کے جنوبی علاقے میں ہفتے کو اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 8 افراد شہید اور 20 زخمی ہو گئے ۔ حملے بیروت کے جنوب میں ایک شاہراہ اور حزب اللہ کے مضبوط علاقوں سے دور کیے گئے ۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے باوجود سرحدی علاقوں میں کشیدگی اور جھڑپوں کے واقعات بدستور جاری ہیں۔ سکسکییہ میں 8 افراد شہید اور20زخمی ہوئے ، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ ناباتیہ میں ایک شامی شہری اور اس کی 12 سالہ بیٹی بھی شدید زخمی ہو ئی ۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں ڈرون حملہ کر کے جوابی کارروائی کی، جس میں ایک اسرائیلی فوجی شدید اور دو معمولی زخمی ہوئے ۔دوسری جانب اسرائیل نے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا سے گرفتار کیے گئے دو غیرملکی کارکنوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

انسانی حقوق تنظیم کے مطابق فلسطینی نژاد ہسپانوی شہری سیف ابو کشک اور برازیلی کارکن تھیگو اویلا کو امیگریشن حکام کے حوالے کیاگیا ہے جہاں سے انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ دونوں کارکن 29 اپریل کو غزہ کے لیے روانہ ہونے والے امدادی قافلے میں شامل تھے ، جسے اسرائیلی بحریہ نے یونان کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں روک لیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے ان پر حماس سے تعلق رکھنے والی تنظیم کی معاونت کا الزام عائد کیا، تاہم اب تک باضابطہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ دونوں کارکن دورانِ حراست بھوک ہڑتال بھی کرتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں