ایران جنگ نے ٹرمپ کی بیٹے کی شادی میں شرکت مشکل بنادی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت کی کوشش کریں گے مگر ایران جنگ کے باعث یہ موزوں وقت نہیں ہے ۔
48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اس ہفتے کے آخر میں دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں اور وہ بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے شادی کریں گے ۔اسی دوران صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ اپنی غیر مقبول جنگ کے خاتمے کیلئے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیٹے کی شادی میں شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ میں آؤں، یہ ایک چھوٹی سی نجی تقریب ہوگی اور میں جانے کی کوشش کروں گا۔میں نے کہا ہے کہ یہ میرے لئے مناسب وقت نہیں ہے ، میں اس وقت ایران سمیت دیگر معاملات دیکھ رہا ہوں۔ان کا کہناتھاکہ وہ اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ وہ اگر جنگ کے دوران شادی میں شرکت کرتے ہیں تو میڈیا اس کو کیسے پیش کرے گا جبکہ جنگ تاحال تعطل کا شکار ہے ۔یہ وہ معاملہ ہے جس میں میَں جیت نہیں سکتا، میں اگر شرکت کروں تو مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا اور اگر نہ کروں تو بھی اور ظاہر ہے یہ کام فیک نیوز کی مدد سے ہوگا۔