مقبوضہ کشمیر میں تلاشی کی کارروائیاں 8ویں روز بھی جاری
کمانڈوز کی تازہ کمک منگوالی گئی،داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پرسیل سرینگر میں 2افراد کی املاک ضبط،پولیس انسپکٹر پر اسرار حالت میں ہلاک
جموں،سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے ضلع راجور ی میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہیں ۔کمانڈوز کی تازہ کمک منگوالی گئی۔ ضلع کے علاقوں ڈوریمل اور گمبھیر مغلان میں ہونے والے آپریشن میں بھارتی فوجیوں کے علاوہ پیراملٹری فورسز اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹر ، ڈرون کیمرے اور سراغ رساں کتے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔بھارتی فورسزنے آپریشن والے علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پرسیل کر رکھے ہیں۔ادھر ضلع سرینگر میں مزید دو شہریوں کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔
سرینگر کی فردوس کالونی بمنہ میں مدثر احمد کا دو منزلہ رہائشی مکان اور چار مرلہ اراضی ضبط کی گئی ۔ پولیس نے سرینگر ہی کے علاقے مہاراج گنج میں شفیق احمد خواجہ کا گھر ضبط کیا ۔شفیق احمد کا تعلق ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ سے ہے ۔علاوہ ازیں ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف کا ایک انسپکٹر پر اسرار حالت میں ہلاک ہو گیا۔انسپکٹر تیج پال سنگھ ضلع کے علاقے لیتھ پورہ میں تربیتی مرکز میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔