اعلیٰ ایرانی قیادت کی شہادتیں، اہم شخصیات کی فہرست جاری
سپریم لیڈر،ترجمان پاسداران ،عسکری مشیر اور دیگر سکیورٹی حکام کے نام شامل تہران نے تیزی سے نئی قیادت مقرر کر کے ریاستی نظام کو برقرار رکھا:رپورٹ
پیرس (اے ایف پی)امریکا اور اسرائیل کے ایران کے خلاف جنگ کے دوران ہونے والے فضائی حملوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سیاسی اور عسکری قیادت کے کئی اعلیٰ ترین ارکان شہید ہوئے ، جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای بھی شامل ہیں،اس حوالے سے ایک رپورٹ میں تفصیلات سامنے آئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ حملے جنگ کے ابتدائی مرحلے میں کئے گئے جن میں ایران کے اہم اداروں کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، تاہم بعد میں تہران نے تیزی سے نئی قیادت مقرر کر کے ریاستی نظام کو برقرار رکھا۔سپریم لیڈر علی خامنہ ای مبینہ طور پر 28 فروری کو تہران میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس پر حملے میں شہید ہوئے ، جس میں ان کے اہل خانہ کے کچھ افراد بھی شہید ہو گئے ۔ سابق سکیورٹی سربراہ علی لاریجانی 17 مارچ کو ایک فضائی حملے میں شہید ہوئے جبکہ دیگر اعلیٰ کمانڈرز بھی اسی دوران شہید ہوئے ۔ان میں پاسداران انقلاب کے متعدد سینئر کمانڈرز، بحریہ کے سربراہ، انٹیلی جنس وزیر اور دفاعی شعبے کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محمد پاکپور اور بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری بھی جنگ کے ابتدائی دنوں میں شہیدہو گئے ۔اسی طرح سابق انٹیلی جنس وزیر اسماعیل خاطب اور سابق دفاعی وزیر عزیزنصیرزادہ بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنے ۔مزید شہید ہونے والوں میں پاسداران کے ترجمان، اعلیٰ عسکری مشیروں اور دیگر سکیورٹی حکام کے نام بھی شامل ہیں۔