یوگنڈا :آرمی چیف کا اپوزیشن رہنما پر تشدد کا اعتراف
کمپالا (اے ایف پی) یوگنڈا کے طاقتور آرمی چیف جنرل موہوزی کائنیروگابا نے ایک اپوزیشن رہنما اور معروف وکیل کو اغوا کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان پر شدید تشدد کرنے اور تکلیف پہنچانے کا کھل کر اعتراف کر لیا ہے۔۔۔
، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اپوزیشن کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔یوگنڈا کے طویل عرصے سے برسرِاقتدار صدر یوویری موسیوینی کے بیٹے اور موجودہ آرمی چیف موہوزی کائنیروگابا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپوزیشن رہنما ائیریاس لوکواگو کی حراست کے دوران تصاویر شیئر کیں۔ ان تصاویر میں لوکواگو کو ایک ٹائلوں والی دیوار کے سامنے دیکھا جا سکتا ہے ، جبکہ ایک تصویر میں ان کا چہرہ کپڑے سے ڈھانپا ہوا ہے اور وہ التجا کی پوزیشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لوکواگو کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے ایک بیوقوف کو پکڑ کر تہ خانے میں منتقل کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس نے مجھے قانونی سمن بھیجنے کی جرات کیسے کی؟ ،اب یہ بیوقوف سبق سیکھے گا۔