ایران پر پابندیاں نرم،تیل کی عالمی قیمت5.9فیصد کم
برینٹ کروڈ آئل 79 ڈالر اور ڈبلیوٹی آئی75.97 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا
لندن (اے ایف پی)عالمی منڈی میں گزشتہ روز تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ اس بات کی قیاس آرائیاں بڑھ گئیں کہ مشرقِ وسطٰی میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے تحت ایرانی خام تیل پر عائد پابندیاں نرم کی جا سکتی ہیں۔عالمی معیار کے مطابق برینٹ کروڈ آئل، جو بین الاقوامی بینچ مارک ہے ، 1650 جی ایم ٹی تک 5فیصد کمی کے ساتھ 79 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔ امریکی معیار ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 5.9 فیصد کمی کے بعد 75.97 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ یو اے ای مربن 72 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے ۔ واضح رہے کہ جنگ کے دوران برینٹ تیل کی قیمت تقریباً 120 فی بیرل تک بھی پہنچی تھی۔تنازع شروع ہونے سے پہلے برینٹ تیل کی فی بیرل قیمت تقریباً 70 ڈالر کے قریب تھی۔دوسری طرف عالمی سٹاکس مارکیٹس میں بہتری کا رجحان کا جاری ہے ، تاہم وال سٹریٹ میں سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا۔ کاروبار کے ابتدائی نصف گھنٹے میں ڈاؤ جونز انڈیکس 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 51,958.08 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ ایس اینڈ پی 500 میں 0.1 فیصد اور نیسڈیک میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔یورپی منڈیوں میں لندن اور پیرس کے انڈیکسز میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ فرینکفرٹ کا انڈیکس 0.2 فیصد بہتری کے ساتھ بندش کے قریب پہنچا۔ ایشیائی منڈیاں ملے جلے رجحان کے ساتھ بند ہوئیں۔