وینزویلا زلزلہ:ہلاکتیں 1430سے متجاوز ،50ہزار لاپتا
لا گوائیرا،کراکس(اے ایف پی)وینزویلا میں دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1430 ہو گئی، جبکہ 3ہزار238 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 67 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہو سکتے ہیں ، انہیں پناہ، صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی امداد کی ضرورت ہے۔
ادھر امریکی امدادی پروازیں دار الحکومت کراکس پہنچنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ 17 ممالک کی ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے ، 50 ہزار سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ اقوام متحدہ نے زلزلوں سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ6ارب70کروڑ ڈالر لگایا ہے ، جو وینزویلا کی مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 6 فیصد کے برابر ہے ۔ دوسری جانب بدھ کو آنے والے 7اعشاریہ 2 اور7اعشاریہ 5 شدت کے دو زلزلوں سے منہدم ہونے والی رہائشی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مقامی شہری اپنی مدد آپ کے تحت بے بسی کے عالم میں ملبہ ہٹا رہے ہیں۔