فیفا ورلڈکپ:کیپ ورڈے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں داخل
عراق کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 5-0سے ہرا کر سینیگال ورلڈ کپ تاریخ میں ایک ہی میچ میں 5گول کرنیوالی پہلی افریقی ٹیم بن گئی سپین نے یوروگوئے کو1-0سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا،انگلینڈ آخری میچ کھیلے بغیر ہی ناک آؤ ٹ مرحلے میں داخل
میامی، بوسٹن(سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈکپ میں سپین نے یوروگوئے کو 0-1 سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے میچ میں سعودی عرب اور کیپ ورڈے کے درمیان مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ سپین اور کیپ ورڈے نے ناک آؤ ٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا،کیپ ورڈے پہلی بار ناک آؤ ٹ مرحلے میں پہنچنے والی ٹیم بنی اور اس مرحلے میں جگہ بنانے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔۔ ادھر سینیگال نے عراق کو 0-5 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ ٹورنٹو میں کھیلے گئے گروپ آئی کے میچ میں سینیگال نے عراق کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 سے ہرا دیا۔سینیگال کی جانب سے حبیب دیارا نے چوتھے منٹ میں برتری دلوائی، پاپ گیے کے 2جبکہ اسماعیلا سار اور ایلیمان ندیائے کے ایک گول نے کامیابی کو تاریخی بنا دیا۔ سینیگال فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں 5 گول کرنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے ۔
عراق کے خلاف بھاری مارجن سے فتح کے بعد سینیگال کی ناک آؤ ٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔ بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے ناروے کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر گروپ آئی میں مسلسل تیسری کامیابی سمیٹی اور پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔فرانس کی جانب سے عثمان ڈیمبیلے نے ورلڈ کپ تاریخ کی دوسری تیز ترین ہیٹ ٹرک کی۔فرانس کی جانب سے چوتھا گول ڈیزائرے دوئے نے انجری ٹائم میں سکور کیا۔ ناروے کی جانب سے واحد گول تھیلو آسگارڈ نے کیا۔ ناروے کے کوچ نے میچ کیلئے ابتدائی الیون میں 10 تبدیلیاں کیں تھیں۔ انگلینڈ نے فیفا ورلڈکپ کے گروپ مرحلے کا اپنا آخری میچ کھیلے بغیر ہی ناک آؤ ٹ مرحلے میں رسائی یقینی بنالی ہے ۔انگلینڈ نے ابتدائی دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کیے ، جس کے بعد وہ کم از کم بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی آٹھ ٹیموں میں اپنی جگہ محفوظ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔