غزہ :اسرائیلی ڈرون حملہ فائرنگ، مزید5افراد شہید
غزہ،یروشلم (اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے اور فائرنگ کے واقعات میں پانچ فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔
غزہ سول ڈیفنس کے مطابق غزہ سٹی کے جنوبی علاقے میں ایک دھاتی ورکشاپ کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چار افراد شہید ہوئے ۔ایک الگ واقعے میں وسطی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ میں فائرنگ سے ایک لڑکی شہید ہوئی۔ادھر اسرائیل میں عام انتخابات 27 اکتوبر کو ہوں گے جو قانون کے تحت مقررہ آخری تاریخ ہے ۔ پارلیمنٹ نے اتوار کو اعلان کیا کہ موجودہ کنیسٹ اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی، اس لیے اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے کسی خصوصی قانون کی ضرورت نہیں۔ انتخابات کو نیتن یاہو کی قیادت اور غزہ جنگ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر عوامی رائے کا اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے ۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ووٹنگ میں سکیورٹی صورتحال، جنگی فیصلوں اور حکومت کی کارکردگی مرکزی موضوعات رہیں گے ۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر راوبی میں عربی نسل کے گھوڑوں کی خوبصورتی کی منفرد نمائش ہوئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نمائش میں مختلف علاقوں سے لائے گئے اعلیٰ نسل کے گھوڑوں کی نمائش کی گئی جبکہ ماہر ججز نے ان کا جائزہ لیا۔ گھوڑوں کے پالنے والوں کا کہنا تھا کہ عربی گھوڑے فلسطینی ثقافت، شناخت اور ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ منتظمین کے مطابق مغربی کنارے میں محدود ہوتی کھلی زمین اور دیگر مشکلات کے باوجود گھڑ سواری اور عربی نسل کے گھوڑوں کی پرورش فلسطینی معاشرے میں مقبول روایت کے طور پر برقرار ہے ۔