شام :پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس، آئین سازی کا عمل شروع
پارلیمانی ارکان قانون کی حکمرانی، اداروں کے احترام ،مکالمے کو فروغ دیں:صدر پارلیمنٹ اپنی 30 ماہ کی مدت میں آئینی مسودہ کی تیاری و دیگر امور انجام دیگی
دمشق(اے ایف پی)شام کی عبوری پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس اتوار کو منعقد ہوا، جس میں ارکان نے حلف اٹھایا اور نئے آئین کی تیاری سمیت جمہوری نظام کی بنیاد رکھنے کے عمل کا آغاز کیا۔ صدر احمد الشرع نے افتتاحی خطاب میں ارکان پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی، اداروں کے احترام اور مکالمے کی روایت کو فروغ دیں۔ 210 رکنی پارلیمنٹ کے 206 ارکان اجلاس میں شریک ہوئے ، جبکہ السویدا صوبے کی نمائندگی تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ پارلیمنٹ اپنی 30 ماہ کی مدت میں آئینی مسودہ تیار کرنے ، بجٹ کی منظوری اور قانون سازی کی ذمہ داریاں انجام دے گی، تاہم پارلیمنٹ کی تشکیل کے طریقہ کار اور خواتین و اقلیتوں کی کم نمائندگی پر تنقید بھی جاری ہے ۔