غزہ:ملبے سے مزید 112 افراد کی باقیات برآمد
40بچے ، 38خواتین ،7معذور شامل،157اب بھی ملبے تلے اسرائیلی حملے جاری،7افرادشہید،متعددزخمی ،ہسپتال گودام تباہ
غزہ،تل ابیب (اے ایف پی)غزہ میں امدادی حکام نے اسرائیلی حملوں سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے مزید 112 افراد کی باقیات برآمد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق غزہ سٹی کے علاقے صبرہ میں تقریباً 136 گھنٹے تک جاری رہنے والی تلاش کے دوران 40 بچوں، 38 خواتین اور سات معذور افراد سمیت 112 افراد کی باقیات ملیں، جبکہ 157 مزید افراد کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب غزہ میں ہفتے کو اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 7فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ حملوں میں وسطی غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال میں ادویات اور طبی سامان کے 2گودام مکمل طور پر تباہ اور 2کو شدید نقصان پہنچا، بڑی مقدار میں طبی سامان ضائع ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی افسر زخمی ہو گیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں کارروائی کے دوران حزب اللہ کے متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا، واقعے کے بعد سرحدی علاقے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments