جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے دوبارہ شروع، 1شہید،11زخمی
غزہ منصوبہ قبول نہیں ، کارروائیاں جاری رکھیں گے :اسرائیلی وزیراعظم
بیروت،تل ابیب(اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے بدھ کو جنوبی لبنان میں دوبارہ حملے شروع کر دئیے ، اسرائیل نے حملوں کو حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ردعمل قرار دیا۔ حملوں کے دوران لبنان نے ایک شخص کی شہادت اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی قصبے منصوری کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایت بھی جاری کی ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ سے متعلق امریکی حمایت یافتہ منصوبہ قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی ٹیم کا خیال ہے کہ حماس کو غیر مسلح اور غزہ کو غیر فوجی بنایا جا سکتا ہے ، تاہم اسرائیل اس تجویز کا جائزہ لے رہا ہے ۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے غزہ میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسرائیلی فوج حماس کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی،7 اکتوبر کے حملے کے ذمہ داروں کا تعاقب کیا جائے گا۔ زامیر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی کارروائیوں سے حماس کو شدید نقصان پہنچا اور خطے کی سکیورٹی صورتحال تبدیل ہوئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments