غزہ :اسرائیلی حملے ، پولیس افسر سمیت 2افراد شہید
اسرائیل نے فلسطینی صحافی عواد کو گرفتار کرلیا،حماس کیلئے کام کرنیکا الزام
غزہ سٹی(اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں سینئر پولیس افسر سمیت 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق خان یونس کے مغربی علاقے میں اسرائیلی حملے سے ایک شخص شہید ہوا، جبکہ غزہ سٹی کے شیخ عجلین محلے میں گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص مارا گیا اور کئی زخمی ہوئے ۔ الشفا ہسپتال نے غزہ سٹی کے پولیس گورنر جمال ابو کامل کی لاش موصول ہونے کی تصدیق کی۔ادھر اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں فلسطینی صحافی محمد عواد کو گرفتار کرلیا۔ اہلیہ ایمان شلاش کے مطابق 38 سالہ عواد کو بدھ کو رام اللہ کے قریب واقع گھر سے حراست میں لے کر فوجی گاڑی میں منتقل کیا گیا۔ عواد نے اے ایف پی سمیت مختلف خبر رساں اداروں کیلئے مغربی کنارے میں ویڈیو رپورٹس بنائی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ عواد حماس کیلئے کام کرتا تھا، تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت یا مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ اہلیہ نے حماس سے وابستگی کے الزام کی تردید کی ہے ۔ عواد کی گرفتاری کے بعد اسرائیل کی حراست میں فلسطینی صحافیوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments