نئی دہلی :پاکستان ہائی کمیشن کی سکیورٹی واپس ،عمارت کا کچھ حصہ مسمار
قطاروں کیلئے آہنی جنگلوں، چھتوں کے شیٹس، رکاوٹوں اور ملحقہ تعمیرات کو ہٹا دیا گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک،کے پی آئی) بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی سکیورٹی واپس لے لی۔عمارت کا بیرونی سکیورٹی حصار ختم کردیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے ہائی کمیشن کی عمارت کے باہر لگی سکیورٹی رکاوٹیں ہٹادی دیں جب کہ ویزا سیکشن کے باہر قطاروں کے لیے بنا احاطہ بھی توڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے سکیورٹی ہٹانے کی کوئی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی۔نئی دہلی کی انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے الزام میں بلڈوزر کا استعمال کیا ۔ ہائی کمیشن احاطے میں تعمیر کیے گئے ڈھانچے کو منہدم کر دیا گیا۔ نئی دہلی انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ اقدامات سفارت خانے کی منظور شدہ حد سے باہر قائم عارضی ڈھانچوں، شیڈز اور تجاوزات کے خلاف کیے گئے ہیں۔ بلڈوزر کے ذریعے ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن کے باہر قطاریں بنانے والے آہنی جنگلوں، چھتوں کے شیٹس، رکاوٹوں اور ملحقہ تعمیرات کو ہٹا دیا گیا۔ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق اس عمل سے ویزا کانٹر کی بیرونی عمارت کو نقصان پہنچا اور وہاں ملبہ پھیل گیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق کے مطابق یہ قدم اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر سے پاکستانی حکام کی جانب سے رکاوٹیں ہٹائے جانے کے ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ فی الحال اس کارروائی کے حوالے سے دونوں ممالک کے سفارتی ذرائع سے کوئی باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments