اقوام متحدہ کی سربراہی کیلئے 8 امیدوار میدان میں
غیر رسمی رائے شماری میں کوسٹا ریکا کی ریبیکا گرینسپان سب سے آگے رہیں 15 رکنی سلامتی کونسل میں امیدوار کو کم از کم 9 ووٹ حاصل کرنا ہونگے امیدوار کو 5مستقل ارکان میں سے کسی ایک کے ویٹو سے بھی بچنا ہو گا
اقوام متحدہ (اے ایف پی) عالمی سطح پر غیر معمولی عدم استحکام، جنگوں اور خود اقوام متحدہ کو درپیش شدید مالی بحران کے دوران 5 خواتین اور 3 مرد انتونیو گوتیرس کی جگہ اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔مبصرین کے مطابق کسی ایک امیدوار کو واضح طور پر فیورٹ قرار دینا مشکل ہے ، کیونکہ دنیا کی بڑی طاقتیں اس معاملے پر منقسم ہیں۔ تاہم پہلی غیر رسمی رائے شماری میں کوسٹا ریکا کی ریبیکا گرینسپان سب سے آگے رہیں۔دیگر امیدواروں میں ارجنٹائن کے رافیل گروسی،چلی کی مشعل بیشلے ،ایکواڈور کی ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، آئیوونی باکی،گیانا کی کیرولین روڈریگز برکٹ ، یوگنڈا کے اولارا اوتونو اور سینیگال کے میکی سال شامل ہیں۔15 رکنی سلامتی کونسل میں کسی امیدوار کو کم از کم 9 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے ، لیکن صرف 9 ووٹ کافی نہیں، امیدوار کو 5 مستقل ارکان میں سے کسی ایک کے ویٹو(حق استرداد کے استعمال)سے بھی بچنا ہوگا۔یعنی اقوام متحدہ کے نئے سربراہ کے انتخاب میں امریکا، برطانیہ، چین، فرانس اور روس کا فیصلہ کن کردار ہوگا۔موجودہ یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی مدت 31 دسمبر 2026 کو ختم ہوگی، جبکہ نیا سیکرٹری جنرل یکم جنوری 2027 کو عہدہ سنبھالے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments