گاندھی کی تحریریں اور ذاتی اشیا 17لاکھ ڈالر میں فروخت
’’اے تھاٹ فار دی ڈے ‘‘بھارتی تاریخی دستاویز میں سب سے زیادہ قیمت میں بکی مجموعے میں 688 نوٹس شامل جو ہنگورانی کی اہلیہ ودیا کے انتقال کے بعد لکھے گئے
ممبئی (اے ایف پی)بھارتی تحریک آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی کے ہاتھ سے لکھے نوٹس کا مجموعہ 17 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگیا، جو کسی بھارتی تاریخی دستاویز کی نیلامی میں ادا کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے ۔ممبئی میں قائم نیلام گھر سیفرون آرٹ کے مطابق یہ مجموعہ گاندھی کے قریبی ساتھی اور تحریک آزادی کے کارکن آنند ٹی ہنگورانی کے خاندان نے محفوظ رکھا تھا۔ مجموعے میں شامل 688 نوٹس گاندھی نے ہنگورانی کی اہلیہ ودیا کے انتقال کے بعد انہیں لکھے تھے ، جنہیں بعد میں ‘‘اے تھاٹ فار دی ڈے ’’ کے نام سے ایک کتاب میں مرتب کیا گیا۔یہ تحریریں 1944ء سے 1946ء کے دوران لکھی گئیں اور ان میں سچائی، خدا اور عدم تشدد سمیت مختلف موضوعات پر خیالات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ نیلام گھر نے جاری بیان میں کہا کہ ‘‘اے تھاٹ فار دی ڈے ’’ 17 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا، جس کے ساتھ نیلامی میں فروخت ہونے والی کسی بھارتی تاریخی دستاویز کی عالمی ریکارڈ قیمت قائم ہوگئی۔یہ نوٹس ‘‘گاندھی: آنند ٹی ہنگورانی کے مجموعے سے ’’ کے عنوان سے پیش کیے گئے مجموعے کی اہم ترین اشیا تھیں۔ دیگر اشیا میں گاندھی کا قابلِ نقل چرخہ اور چرخہ کاتنے کے نظم و ضبط سے متعلق ان کی تحریریں بھی شامل تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments