مشرقِ وسطٰی بحران کی جڑ فلسطین کامسئلہ ہے :چینی صدر
ایران نے میرے ایک بیٹے کو قتل کرنیکی کوشش کی:نیتن یاہو کا الزام
بیجنگ،دی ہیگ،تل ابیب (اے ایف پی، رائٹرز)چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مشرقِ وسطٰی کے بحران کی جڑ فلسطین کا مسئلہ ہے ۔شی جن پنگ نے امن مذاکرات کی بحالی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے جلد قیام پر زور دیا۔چینی صدر نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے دیرینہ ہدف کو عملی شکل دی جانی چاہیے ۔ اسرائیل نے پیر کو سویڈن کی لیفٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمنٹ کے دو ارکان جوناس شوسٹڈ اور ہانا گیڈن کو مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کرنے سے روک دیا۔ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 2 کمسن بچے اور کم از کم 2 دیگر فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ان کے ایک بیٹے کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مبینہ حملے کا ہدف کون سا بیٹا تھا، واقعہ کب پیش آیا یا سازش کس حد تک پہنچی؟۔ایران کی جانب سے فوری طور پر اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اسرائیل نے 1948 میں فوج کی فائرنگ سے ڈوبنے والے اسلحہ بردار جہاز ’’الٹالینا‘‘ کا ملبہ 78 سال بعد سمندر سے تلاش کرلیا۔جہاز فرانس سے یہودی مسلح تنظیم ارگن کیلئے اسلحہ لے کر آیا تھا، تاہم پہلے وزیراعظم ڈیوڈ بن گوریان کے حکم پر جون 1948 میں تل ابیب کے قریب اسے نشانہ بنا کر ڈبو دیا گیا۔ واقعے میں ارگن کے 16 ارکان اور 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے ۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز نے شام میں ایئربیس پر حملے کے فیصلے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے اسرائیل ترکیہ کے ساتھ بے مقصد جنگ میں پھنس سکتا ہے ۔نیدرلینڈز نے غزہ جنگ کے باعث یوروویژن سانگ مقابلے 2027 میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔یاد رہے اسرائیل کی شرکت کے خلاف 2026 کے مقابلے میں 5 ممالک نے بائیکاٹ کیا تھا، جن میں نیدرلینڈز، آئس لینڈ، سپین، آئرلینڈ اور سلووینیا شامل تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments