یو این میں شہباز نے کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کی:حریت کانفرنس

یو این میں شہباز نے کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کی:حریت کانفرنس

انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ:ترجمان عالمی فورم پر بھر پور ترجمانی سے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے

سرینگر (اے پی پی)کل جماعتی حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران تنازع کشمیر اور بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان  ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بین الاقوامی فورمز پر اپنے جائز مقصد کی بھر پور نمائندگی کرنے اور حقِ خود ارادیت کے لیے غیر مبہم حمایت کا اظہار کرنے پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے بھارتی جبر کا شکار کشمیری عوام کے جذبات کی ایک بڑے عالمی فورم پر پھربھر پور ترجمانی کی جس سے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تنازع کشمیر اورکشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔دوسری جانب قابض انتظامیہ نے تازہ کارروائی کے دوران سری نگر میں 7کروڑ11لاکھ روپے مالیت کی چار غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔بلال کالونی میں اویس احمد راتھر کا مکان ضبط کیا گیا جس کی مالیت تقریبااڑھائی کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ سرینگر ہی کے علاقے واگورہ کے رہائشی شیراز احمد شیخ کی تقریبا 2 کروڑ روپے 85لاکھ مالیت کی جائیداد ضبط کی ۔ حضرت بل میں ظہور احمد میر کا رہائشی مکان ضبط کر لیا جس کی مالیت تقریبا 1 کروڑ30لاکھ روپے ہے ۔ چیک مجگنڈ میں عامر احمد میر کا ایک منزلہ رہائشی مکان اور سات مرلے اراضی ضبط کر لی جس کی مالیت تقریبا 46 لاکھ روپے ہے ۔یہ تمام جائیدادیں کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...