موسمیاتی تبدیلیاں، امریکا، بھارت، نیپال، تھائی لینڈ میں طوفانی بارشیں، 68 ہلاکتیں، سینکڑوں پروازیں منسوخ

موسمیاتی تبدیلیاں، امریکا، بھارت، نیپال، تھائی لینڈ میں طوفانی بارشیں، 68 ہلاکتیں، سینکڑوں پروازیں منسوخ

بھارتی ریاست اتر پردیش میں سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ ، 56افراد ہلاک،ہزار سے زائد مکانات کو نقصان ،70ہزار محفوظ مقامات پر منتقل نیپال: 12افراد ہلاک ،بنکاک میں ہزاروں شہری پناہ گاہوں میں منتقل،اشیا خورونوش کی قلت، امریکا میں 95 ہزار صارفین بجلی سے محروم

لکھنو،کٹھمنڈو،واشنگٹن،بینکاک(اے ایف پی)موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث امریکا ،بھارت ،نیپال اور تھائی لینڈ شدید بارشوں ، سیلاب ،لینڈ سلائیڈنگ ،طوفان کی زد میں آگئے ۔شمالی بھارت اور نیپال میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے گزشتہ 3 روز کے دوران 68 افراد ہلاک ہوگئے ۔ بھارتی ریاست اتر پردیش میں 56 افراد جان سے گئے جبکہ ایک ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔بھارتی ریاست اڑیسہ میں دریاؤں میں طغیانی کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے 70 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ نیپال میں جمعرات سے جاری بارشوں سے متعلق حادثات میں 12 افراد ہلاک اور 7 لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں سے فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی علاقوں میں سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں کئی روز کی شدید بارشوں کے بعد سیلابی پانی نے بازاروں، سڑکوں اور گھروں کو ڈبو دیا، ہزاروں شہری پناہ گاہوں میں منتقل ہوگئے ۔ متاثرہ علاقوں میں شہری گھٹنوں تک پانی میں چل کر اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ متعدد دکانوں میں ضروری سامان کا ذخیرہ کم ہوگیا ہے ۔

بعض دکانوں کے باہر خریداروں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ کئی اسٹورز کی شیلفیں خالی ہوگئیں۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث طاقتور خزاں کے طوفان نے نظام زندگی متاثر کردیا۔ نیویارک، بوسٹن اور فلاڈیلفیا سمیت مختلف علاقوں میں بڑے سیلاب اور سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں میں کئی دن تک شدید سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔ نیویارک، نیو جرسی، کنیکٹیکٹ، میساچوسٹس، رہوڈ آئی لینڈ اور پنسلوانیا میں 95 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ۔طوفان کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں بوسٹن ایئرپورٹ کی 253 پروازیں شامل ہیں۔ نیویارک کے میئر نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے ۔ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید بارشوں اور دیگر انتہائی موسمی واقعات کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...