احتجاج میں شرکت ، اداکار عمران خان کو بھارت سے نکل جانیکا حکم
عامرخان کے بھتیجے کیخلاف کارروائی بی جے پی رہنماکیرت سومیاکی شکایت پرکی گئی احتجاج میں ممبئی میں رہنے والے ایک فرداورشہری کی حیثیت سے شرکت کی :عمران حراست کے دوران پولیس نے عمران سے بدسلوکی اور تشدد کیا:بھتیجی زین میری
ممبئی (نیوزایجنسیاں )معروف بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھتیجے عمران خان کو ممبئی کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) نے بھارتی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مظاہرے میں شرکت پر 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کا نوٹس جاری کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کے پاس امریکی پاسپورٹ ہے اور وہ اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی ) کے تحت بھارت میں مقیم ہیں۔ یہ کارروائی بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کیرت سومیا کی شکایت کے بعد کی گئی۔ سومیا نے حکام سے عمران خان کی شہریت کی تصدیق کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ آیا غیر ملکی شہری کو بھارت میں سیاسی احتجاج میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان نے 10 اکتوبر کو ممبئی کے آگست کرانتی میدان میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی تھی۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران عمران خان کو ان کی گرل فرینڈ لیکھا واشنگٹن، والدہ نصرت، بھتیجی زین میری اور دیگر مظاہرین کے ہمراہ تھوڑی دیر کیلئے حراست میں لیا گیا۔
جس کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر پولیس کی حراستی وین کے اندر سے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ لکھا ‘لگتا ہے مجھے سیر کے لیے لے جایا جا رہا ہے ۔ممبئی پولیس کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایف آر آر او نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا ہے ۔ یہ ادارہ بھارتی وزارت داخلہ کے تحت غیر ملکی شہریوں کی رجسٹریشن، قیام، نقل و حرکت، روانگی اور ویزا سے متعلق امور دیکھتا ہے ۔احتجاج کے دوران عمران خان نے اپنے مؤقف میں کہا تھا کہ وہ کسی مخصوص مطالبے کے لیے نہیں بلکہ ممبئی میں رہنے والے ایک فرد اور شہری کی حیثیت سے وہاں موجود تھے ۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں انہیں نقل و حرکت کی آزادی محدود کیے جانے اور لوگوں کی آواز دبانے سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ۔دوسری جانب عمران خان کی بھتیجی زین میری نے ایک ویڈیو میں دعویٰ ٰکیا کہ حراست کے دوران پولیس نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور تشدد کیا۔ انہوں نے اپنے جسم پر موجود مبینہ چوٹوں کے نشانات بھی دکھائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments