مختلف حادثات میں باپ بیٹے ، 2بہنوں سمیت 5افرادجاں بحق

مختلف حادثات میں باپ بیٹے ، 2بہنوں سمیت 5افرادجاں بحق

باپ بیٹاچیچہ وطنی ہائی وے پر موٹرسائیکل پر جارہے تھے ، ٹرالر نے ٹکرماردی ڈسکہ ،موٹرسائیکل سوار 3بہنیں ٹرالے تلے آگئیں، مانگا میں ایک شخص ہلاک

لاہور ،چیچہ وطنی،غازی آباد ڈسکہ ،ہیڈبمبانوالہ (کرائم رپورٹر ،نمائندہ دنیا،نمائندہ خصوصی،نامہ نگار ) مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران باپ بیٹے ، 2سگی بہنوں سمیت 5افراد جاں بحق ،6زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق بائی پاس چیچہ وطنی پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 55 سالہ منظور اور 15 سالہ عبدالرحمن موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ذیشان شدید زخمی ہو گیا،جسے تشویشناک حالت میں ساہیوال ریفر کردیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو قبضہ میں لیکر کارروائی کا آغاز کردیا۔دریں اثنا ڈسکہ کے علاقے میں سکول سے گھر جاتے ٹرالر تلے کچلنے سے موٹر سائیکل سوار 2 بہنیں جاں بحق ،تیسری بہن زخمی ہو گئی ،حادثے نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق تینوں بہنیں اپنے گاؤں برج چیمہ سے  

موٹر سائیکل خود چلا کر سکول آتی جاتی تھیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی منصا جماعت نہم جبکہ منتہیٰ جماعت پنجم کی طالبات تھیں جبکہ حرم شدید زخمی ہے ۔حادثے کے بعد اہلِ دیہہ نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق ہونے والی دونوں بہنوں اور زخمی بہن کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کا آغاز کر دیا۔علاوہ ازیں چشتیہ کالونی مانگا رائیونڈ روڈ پر رکشہ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ شکیل جبکہ زخمیوں میں 20 سالہ علی، 42 سالہ ریحانہ بی بی، 45 سالہ عظمیٰ بی بی، 20 سالہ عدنان اور 40 سالہ نسیم بی بی شامل ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...