کینیڈا:فوجی اڈے میں آتشزدگی 4اہلکار ہلاک، درجنوں زخمی
آگ کے شعلے فورسز بیس وین رائٹ سے نکل کر دیہی علاقے تک پھیل گئے دہشت گردی کا کوئی اشارہ نہیں ملا، وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں :فوج
ایڈمنٹن، البرٹا (اے پی)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے اتوار کو کہا ہے کہ البرٹا کے ایک فوجی اڈے میں آتشزدگی کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک اور درجنوں شدید زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے اسے ملکی سرزمین پر قیامِ امن کے دوران کینیڈین فوج کو پیش آنے والے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا۔ہفتے کی رات تیز ہواؤں کے دوران آگ کے شعلے کینیڈین فورسز بیس وین رائٹ سے باہر نکل کر اردگرد کے دیہی علاقے تک پھیل گئے ، جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری کارروائیاں شروع کردیں۔ کینیڈین فوج نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ واقعہ دہشتگردی کا نتیجہ تھا، تاہم آتشزدگی کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔کارنی نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ صورتحال اب بھی تبدیل ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحے سے متاثرہ افراد کے احترام میں ملک بھر میں وفاقی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔حکام کی جانب سے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں مجموعی طور پر کتنے افراد زخمی ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments