2اسرائیلی فوجی ہلاک،نیتن یاہو کا الخلیل کے محاصرہ کا حکم
اسرائیلی فوجی چیک پوسٹ ’’جنوبیہ جنکشن‘‘پرحملے میں3فوجی زخمی بھی ہوئے مغربی کنارے میں بڑے فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی ہے :اسرائیلی وزیراعظم
غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین میں مغربی مقبوضہ کنارے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے الخلیل کے علاقے کا محاصرہ کرنے کاحکم دیتے ہوئے سخت کارروائی کا اعلان کردیا ۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی مسلح افراد کے حملے میں اس کے دو فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ۔ہلاک ہونے والوں میں 23 سالہ سٹاف سارجنٹ رون یوناتان روئٹمین اور 20 سالہ سارجنٹ یووال شائی سویلیم شامل ہیں،دونوں فوجی جنوب مغربی کنارے میں شہر الخلیل کے قریب ایک چیک پوسٹ’’جنوبیہ جنکشن‘‘پرحملے میں ہلاک ہوئے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق 20 منٹ سے زائد تک جاری رہنے والے فائرنگ کے اس تبادلے میں اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو بھی مارڈالا،جن کی شناخت محمد جعابہ اور فراس جعابہ کے نام سے ہوئی اوران کا تعلق الخلیل سے تھا اور دونوں کی عمریں 27 سال تھیں۔
واقعہ کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کے ہمراہ الخلیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل الخلیل کے اس محلے کو تباہ کر دے گا جہاں سے ان حملہ آوروں کا تعلق تھا۔اسرائیلی وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ اپنی افواج کیلئے خطرے کے پیشِ نظر اسرائیل مغربی کنارے میں سڑکوں کے کنارے بغیر اجازت کے تعمیر کئے گئے گھروں کو بھی مسمار کرے گا۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں 1967 کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے اور فوج اس آپریشن کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments