کویت پر ڈرون حملہ ،2اطالوی ہلاک ،پاکستانی سمیت2زخمی،ایران کی تردید

کویت  پر  ڈرون  حملہ ،2اطالوی   ہلاک ،پاکستانی  سمیت2زخمی،ایران  کی  تردید

ہلاک اطالوی شہری جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے ٹیکنیشن،فضائی دفاعی نظام کے نگرانی مرکزپرتعینات تھے کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کی،فالس فلیگ آپریشن تھا،جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام بڑھانا ہے :ایران

کویت،روم،تہران (نیوز ایجنسیاں )ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک جبکہ ایک پاکستانی اور کویتی فوجی افسر زخمی ہوگیا۔ رائٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں اطالوی شہری جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے ٹیکنیشن تھے ، جو کویت میں فضائی دفاعی نظام کے نگرانی مرکز پر تعینات تھے ۔اٹلی کے وزیر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ کویت میں جمعرات کو ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہو گئے ۔وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کے مطابق ایرانی ساختہ متعدد ڈرونز نے کویت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔اٹلی کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں اطالوی ٹیکنیشن کویت میں فضائی دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والے ڈیٹیکشن انٹینا کی دیکھ بھال پر مامور تھے ۔ یہ نظام کویتی مسلح افواج استعمال کرتی ہیں۔ اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ۔ کویتی وزارت دفاع کے مطابق فوج نے فضائی حدود میں متعدد ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں روکا، تاہم حملے سے تنصیب کو نقصان پہنچا۔

بیان میں کہا کہ ایرانی ڈرونز نے ملک میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا۔ وزارت کے مطابق زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈرون حملوں کے نتیجے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا۔وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ کویتی فضائی حدود میں ایرانی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔ ایرانی مسلح افواج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ مسلح افواج نے خطے میں کسی قسم کی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی۔ ان کے بقول یہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا، جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھانا ہے ۔اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے کہا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران کی بے لگام جارحیت مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر امن، استحکام اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے ۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو دو آئل ٹینکر بندرگاہ خصب کے شمال میں سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آتش زدگی کا شکار ہو گئے ۔ایک سپر آئل ٹینکر ہے جو 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے کر جا رہا تھا۔ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...