اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافہ

   کورونا ویکسی نیشن کے مزید دس سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے کہ زیادہ سنٹر زیادہ افراد کو ویکسی نیشن کی سہولت مہیا کر سکیں گے؛ تاہم تعداد میں یہ اضافہ معیار پر سمجھوتہ ثابت نہیں ہونا چاہیے۔ یہ کہنا اس لیے ضروری ہے کہ جہاں لاہور کے ایک ویکسی نیشن سنٹر کی اچھی شہرت زبان زدِ عام ہے وہیں بعض سنٹرز پر عملے کی کارگزاری اور لوگوں کو نمٹانے میں تاخیر کی شکایات بھی ہیں۔ نئے سنٹرز میں بھی اگر یہی مسائل پیش آئے تو یہ صورتحال باعثِ تشویش ہو گی؛ چنانچہ حکومت کو ان مجوزہ سنٹرز میں اعلیٰ معیار کے انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔

سنٹرز پر شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا نظام بھی لوگوں کی سمجھ میں آنے والا ہونا چاہیے تاکہ حکومت تک عوامی آرا پہنچتی رہیں۔ حکومتی ارکان کی جانب سے بھی وقتاً فوقتاً ان سنٹرز کا دورہ کیا جانا چاہیے تاکہ کام کی نگرانی اور مسائل کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ ملک کے بڑے شہروں  میںسنٹرز کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے مگر درمیانے اور چھوٹے شہروں میں بھی ان سہولیات کی جانب توجہ ضروری ہے۔ ابھی تک حکومت کی توجہ بوجوہ بڑے شہروں پر ہے مگر اس دوران چھوٹے شہروں میں کورونا کے خطرات میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ پنجاب کے کئی شہروں میں صورتحال یہ ہے کہ نئے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔ اس جانب بھی حکومتی توجہ چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement