اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

زلزلے کی افواہیں

ترکیہ اور شام میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد سے کچھ سوشل میڈیا اکائونٹس پر ملکِ عزیز میں بھی شدید زلزلے کی پیش گوئیوں پر مبنی افواہوں کا بازار گرم تھا جو بلا شبہ شہریوں کے لیے شدید خوف و ہراس کا سبب ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے ان افواہوں کو یکسر مسترد کر تے ہوئے عوام کو اعتماد میں لیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ زلزلہ ایک ایسا قدرتی امر ہے جس کا پیشگی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا‘ اگر ایسا ممکن ہوتا تو زلزلوں کی وجہ سے اتنا جانی و مالی نقصان نہ ہوتا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کی فالٹ لائنز میں بھی کوئی مماثلت نہیں۔ اس لیے  زلزلے کی زیر گردش افواہوںکی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔محکمہ موسمیات کی طرف سے زلزلے کی افواہوں کی تردید کے بعد شہریوں نے یقینا سکھ کا سانس لیا ہوگا‘ لیکن سوشل میڈیا پر متحرک افراد کوبھی محض لائکس اور وِیوزمیں اضافے کے لیے ایسی افواہوں سے احتراز کرنا چاہیے جو شہریوں میں بے چینی پھیلانے کا باعث بنتی ہیں۔اس پلیٹ فارم کو عوام کے لیے حقائق سے آگاہی کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔سوشل میڈیا بلا شبہ مفید فورم ہے مگر اس طرح کے پلیٹ فارمز کے منفی استعمال نے انہیں ایک اذیت بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement