اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاک ایران سرحد پر دہشت گردی

اگلے روز پاک ایران سرحد کے قریب ضلع کیچ کے علاقہ سنگوان میں دہشتگردوں کے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے۔ فوجی جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کیا؛ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی جوانمردی سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا۔ افغان سرحد کے بعد اب پاک‘ ایران سرحد دہشتگردوں کی نئی پناہ گاہ کے طور پر سامنے آئی ہے جہاں حالیہ دنوں میں کئی دہشت گردانہ کارروائیاں ہو چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ ہوشاب اور مسلم باغ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں نے مقابلہ ہوا جبکہ اپریل اور جنوری میں بھی ایرانی سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملوں کے افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں۔ پاکستان اور ایران دو برادر مسلم ملک ہیں‘ حال ہی میں وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے مابین سرحدی علاقے میں ہوئی  ملاقات میں بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم ظاہر کیا گیا۔ مگر محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے بڑھتے تعلقات سے خائف عناصر ان کے مابین تلخی کا بیج بونے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں کرا رہے ہیں۔ ضروری ہے کہ ایرانی حکام کے ساتھ سکیورٹی روابط کو فروغ دیا جائے اور ایسا میکانزم بنایا جائے جس سے دونوں اطراف کے سرحدی علاقے کو دہشت گردوں اور سمگلروں سے پاک کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement