اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو!

گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ دو روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان رتبۂ شہادت پر فائز ہوئے جبکہ یکم جون کو بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں بھی دو جوان شہید ہوئے۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی اور ان کی مشکور ہے کہ انہوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر مادرِ وطن کی حفاظت کا فرض ادا کیا۔ ہر پاکستانی شہری جانتا ہے کہ افواجِ پاکستان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں اور دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ ماضی میں بھی جب ملک بالخصوص شمالی اور جنوبی وزیرستان یا دیگر ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیاں جاری رکھے ہوئے تھے تو افواجِ پاکستان نے کامیاب آپریشنوں سے ان علاقوں میں امن و امان قائم کیا۔ گزشتہ برس افغانستان میں آنیوالی تبدیلیوں کے بعد سرحد پار سے ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے مگر افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائیاں کر تے ہوئے ان دہشت گردوںکا خاتمہ کرنے میں مصروف ہیں۔ عوام اور سیاسی قیادت افواجِ پاکستان کی اس جدوجہد اور قربانیوں کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یقین رکھتی ہے کہ افواج پاکستان کی ان کوششوں سے ملک عزیز بہت جلد دشمن کے پیدا کردہ خطرات سے محفوظ ہو جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement