اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گیس کے نئے ذخائر

ایسے وقت میں جب ملک گیس کی شدید قلت کا شکار ہے‘ یہ خبر کہ رحیم یار خان کے علاقے میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں‘ کسی خوشخبری سے کم نہیں۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے مطابق رحیم یار خان میں واقع ڈونگان فارمیشن سے 1.1ملین مکعب فٹ یومیہ گیس سسٹم میں شامل ہو گی۔ گیس کے یہ نئے ذخائر مقامی وسائل کے ذریعے توانائی کی طلب اور رسد میں فرق کو کم کرنے میں نمایاں کردارادا کریں گے۔ پٹرولیم ڈویژن کے مطابق رواں سال کے دوران یہ تیل اور گیس کی تیسری بڑی دریافت ہے جبکہ گزشتہ برس کے دوران تیل و گیس کے 15 نئے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ ان نئے ذخائر کی دریافت سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر انحصار میں کمی آنی چاہیے‘ لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت مقامی طور پر دریافت ہونے والے ان ذخائر کو جلد از جلد کام میں لائے۔ اس وقت ملکی درآمدات میں توانائی کی مصنوعات کا حجم سب سے زیادہ ہے۔ درآمد شدہ توانائی مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مہینے کے دوران تقریباً 60روپے فی لٹر تک کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ مہنگی توانائی کی وجہ سے لاگت میں اضافے کے باعث ملکی صنعت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ تیل اور گیس کے مقامی ذخائر ان مشکلات کا موثر حل ثابت ہو سکتے ہیں لیکن اُس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے محض نئی دریافتوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ ان ذخائر کو جلد از جلد استعمال میں لائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement