100انڈیکس کا ریکارڈ
پاکستان سٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 62ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی 100انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور یہ 801پوائنٹس اضافے کے بعد 62493پوائنٹس پر بند ہوا۔ رواں سال اب تک کے ایس ای 100انڈیکس میں 52فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ ہو چکا ہے۔ ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد سے اب تک تقریباً ایک مہینے میں 100 انڈیکس میں نو ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ شرح سود 22فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے اور آئی ایم ایف کے جائزے کے بعد سٹینڈ بائی معاہدے کی دوسری قسط کے لیے طے پانیوالے سٹاف لیول معاہدے نے بھی اس حوالے سے عمل انگیز کا کام کیا ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں اس زبردست تیزی کی وجہ اُس سیاسی اور معاشی استحکام کے واضح اشارے ہیں جو عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد مزید واضح ہو چکے ہیں‘ جس کے بعد سرمایہ کار ملکی معیشت پر بھرپور اعتماد کااظہار کر رہے ہیں۔ گوکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سرمایہ کاری کے راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن حکومت کو شرح سود میں مزید کمی یقینی بنانے کیساتھ ساتھ ایک ایسی مربوط و مستحکم معاشی پالیسی وضع کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے جو ملکی معیشت کو طویل المدتی معاشی استحکام کے حصول میں معاونت فراہم کر سکے۔