اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ملیریا کا عالمی دن

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ملیریا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ملیریا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ دنیا میں ہر سال لاکھوں افراد ملیریا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ 15لاکھ افراد ملیریا میں مبتلا ہوتے ہیں لیکن 2022ء میں چاروں صوبوں کے 60سے زیادہ اضلاع میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں اضافے کے باعث یہ تعداد 26لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ موسمیاتی تبدیلیوں نے ملیریا کیلئے عمل انگیز کا کام کیا ہے اور عالمی ادارۂ صحت کے مطابق یہ پاکستان کیلئے دوسری بڑی وبائی بیماری بن چکی ہے۔ ملک میں ہونے والی موسمی اور بے موسمی بارشوں کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث یہ مچھروں کی افزائش میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ ویسے تو اس عالمی دن منانے کا مقصد سال بھر میں ملیریا کے تدارک کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو یاد کرنا ہوتا ہے لیکن حکومت کو اس موقع پر ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت اُن علاقوں میں ملیریا کی بروقت تشخیص اور علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کا عزم کرنا چاہیے جو ہر سال اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ بالخصوص سندھ میں اس حوالے سے کافی کام کرنے کی ضرورت ہے جہاں گزشتہ برس ملیریا کے چار لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement