اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

انٹر نیٹ تک رسائی

اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے جاری کردہ ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ انڈیکس 2024ء کے مطابق پاکستان کی نصف آبادی انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہے۔ مذکورہ رپورٹ میں پاکستان کو 0.205کے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ انڈیکس کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی کے لحاظ سے ’معتدل‘ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ ملک کی امیر ترین 20 فیصد آبادی میں ڈیجیٹل ترقی کی شرح غریب ترین 20 فیصد آبادی کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ ہے‘ یعنی اگر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والی غریب آبادی کو بھی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو جائے تو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے وہ بھی اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکتے ہیں۔ موجودہ دور انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ دنیا بھر میں لوگ گھر بیٹھے آن لائن  کام کرکے لاکھوں ڈالر کما رہے ہیں لیکن ہمارے ہاں ابھی تک سو فیصد آبادی تک انٹر نیٹ کی رسائی بھی یقینی نہیں بنائی جا سکی ہے۔ گوکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ برسوں میں ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کی تعبیر کیلئے کچھ اقدامات کیے ہیں لیکن وہ ناکافی ہیں۔ انٹرنیٹ تک رسائی سے محرومی‘ ناقص سروسز اور انٹرنیٹ کے منفی استعمال کی وجہ سے ڈیجیٹل پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ پاکستانی نوجوان بھی آن لائن کام کرکے ملکی زرِمبادلہ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں لیکن اس کیلئے اُن کی مناسب تربیت اور مربوط انٹرنیٹ تک رسائی ضروری ہے اور یہ سب حکومتی توجہ کے بغیر ممکن نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement