اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

چولستان میں پانی کی قلت

چولستان میں پانی کی فراہمی کیلئے بچھائی جانے والی پائپ لائنیں غیر فعال ہونے کی وجہ سے مقامی باسی نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ایک طویل عرصے سے اس خطے کو خشک سالی اور قحط کا سامنا ہے اور حکومتوں کی جانب سے متعدد منصوبوں کا اعلان بھی کیا گیا‘ تاہم مقامی افراد کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں ہو سکی۔ یہاں بیشتر باسیوں کا ذریعہ معاش مویشی پالنا ہے اور اندازاً اس صحرا میں مویشیوں کی تعداد پندرہ لاکھ کے لگ بھگ ہے‘ اتنی بڑی تعداد میں جانوروں کیلئے پانی کا حصول ایک مشکل امر ہے۔ پچھلے چند سالوں سے آبی قلت کو دور کرنے کیلئے یہاں پانی کی پائپ لائنیں بچھانے کا سلسلہ جاری ہے مگر انتظامیہ کی عدم توجہی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب پائپ لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ علاوہ ازیں پانی ذخیرہ کرنے والے ٹوبے بھی صفائی کا خاطر خواہ بندوبست نہ ہونے کے سبب پانی ذخیرہ کرنے سے قاصر ہیں۔ اگرچہ اس وقت ملک میں دریائی و نہری پانی کی کوئی قلت نہیں او ارسا کی جانب سے صوبوں کا آبی کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا ہے‘ ایسے میں چولستان میں پانی کی قلت آبی نظام کی فرسودگی کو عیاں کرتی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کو فوری طور اس اہم مسئلے کا نوٹس لینا چاہیے اور آبی پائپ لائنوں کی مرمت و دیکھ بھال کا مستقل بندوسبت کرنا چاہیے تاکہ مقامی افراد کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں