اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سنگ دلی کا ایک واقعہ

اگلے روز سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے میں کسی سنگ دل وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے والے اونٹ پر جو ظلم ڈھایا اس نے پاکستانی قوم کوشدید غمزدہ کیا ہے۔ یہ واقعہ عالمی سطح پر ملکی تشخص کے لیے بھی شدید منفی اثرات کا حامل ہے۔ دین اسلام میں جانوروں کے ساتھ بھی حسن سلوک کی تلقین کی گئی ہے ۔ انسانیت کے ناتے سے بھی کوئی جانور پر ایسا ظلم ڈھانے کا حوصلہ نہیں کر سکتا۔ ضروری ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔متاثرہ اونٹ کاعلاج بھی حکومتی ذمہ داری ہے۔ اگرچہ کسی علاج اور مصنوعی ٹانگ سے اُس تکلیف اور اُن چیخوں کا مداوا نہیں ہو سکتا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں سنائی دیتی ہیں اور کلیجہ منہ کو آتا ہے۔آدمی یہ سوچ کر حیران و پریشان ہو جاتا ہے کہ ہمارے سماج میں کس قدر سنگ دل لوگ پائے جاتے ہیں ‘جن کے ظلم سے نہ انسان محفوظ ہیں اور نہ ہی جانور۔ جانور کے کسی کھیت میں داخل ہو جانے سے کھیت کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہو گیا ہو گا‘ بالفرض ہو ا بھی ہے تو بھی ایک زندہ جانور کی ٹانگ کاٹ دینے جیسے وحشت ناک عمل کی کوئی توضیح نہیں پیش کی جاسکتی۔ سندھ حکومت کو اس واقعے پر سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہوں گے بصورت دیگر دنیا یہ سمجھنے پر مجبور ہو گی کہ صوبہ سندھ میںوہ اندھیر نگری ہے کہ نہ انسانی جانیں محفوظ ہیں اور نہ ہی بے زبان۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں