اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

خواتین کے خلاف جرائم

خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک‘ جنسی و جسمانی تشدد‘ قتل اور اغوا کے واقعات کے حوالے سے ایک غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ کے مطابق خواتین کی آبرو ریزی کے واقعات میں پنجاب اور اغوا اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں سندھ سرفہرست ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق 2023ء میں ملک میں خواتین کی آبروریزی کے 7010واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 6624 پنجاب میں ہوئے‘ جبکہ خواتین کے اغوا کے 57 فیصد اور قتل کے 48 فیصد کیس سندھ سے رپورٹ ہوئے۔ خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات صوبوں میں جرائم کی عمومی صورتحال کو بھی واضح کرتے ہیں اور حکومتوں کی جانب سے خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام میں ناکامی کاثبوت ہیں۔ یہ اعدادوشمار گزشتہ برس کے ہیں اور اس دوران صوبوں میں حکومتیں تبدیل ہو ئی ہیں اس لیے پنجاب کی حد تک  موجودہ حکومت کو گزشتہ برس کے واقعات کیلئے جواب دہ نہیں ٹھہرایا جاسکتا‘ تاہم سندھ میں ڈیڑھ دہائی سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے اور موجودہ وزیر اعلیٰ سندھ کا یہ تیسرا دور ہے‘ اس لیے نہ صرف گزشتہ برس بلکہ اس سے بھی پہلے کے واقعات کیلئے ان سے سوال کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ رپورٹ میں خواتین کے حوالے سے مجرمانہ واقعات کے اعدادوشمار صوبائی حکومتوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونے چاہئیں۔ صوبائی حکومتوں کیلئے یہ ایک چیلنج ہے کہ وہ ایسے بھیانک واقعات کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کرتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں